فاٹا ڈسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین عرفان اللہ کی سربراہی میں وفد کا جنوبی وزیرستان کا دورہ


وانا (قسمت اللہ وزیر ) فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین عرفان اللہ کی سربراہی میں خصوصی وفد نے جنوبی وزیرستان کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد نے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں مصروف وقت گزارا۔ وفد نے بحالی معذوران مرکز وانا کا بھی دورہ کیا اور وہاں معذوروں کی بحالی کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔

چیئرمین فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن عرفان اللہ جان نے وفد کے ہمراہ وانا میں ڈی آئی جی ایف سی ساؤتھ بریگیڈیئر طیب اور دیگر عسکری حکام بریگیڈیئر ذوالفقار شاہین، بریگیڈیئر نیک نام بیگ اور کرنل ظفر سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔ سیکیورٹی حکام نے وفد کو جنوبی وزیرستان میں لینڈ مائنز کی صفائی اور معزور افراد کی بحالی کے امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکیورٹی حکام نے وفد کو بتایا کہ جنوبی وزیرستان سے بارودی سرنگوں کی صفائی پر تیزی سے کام جاری ہے اور عنقریب ضلع لینڈ مائنز سے کلئیر ہوجائے گا۔ سیکیورٹی حکام نے قبائلی اضلاع میں معذوروں کی بحالی کیلئے فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جنوبی وزیرستان سے بارودی سرنگوں کی صفائی اور معذوروں کی بحالی کیلئے ملکر کام کیا جائے۔ جواب میں عرفان اللہ جان نے سیکیورٹی حکام کو یقین دلایا کہ ان کی تنظیم فوج اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر جنوبی وزیرستان سے بارودی سرنگوں کی صفائی اور معزور افراد کی بحالی کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔ چیئرمین فاٹا ڈیسیبل ویلفیئر آرگنائزیشن عرفان اللہ جان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معزور افراد کی بحالی کیلئے تمام قبائلی اضلاع میں خصوصی مراکز قائم کئے جائیں گے اور معذور افراد کی بحالی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے آرمی کے زیر انتظام تعلیمی اداروں میں خصوصی افراد کے داخلہ کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنانے پر فوج کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور سول حکومت سے بھی معذوروں کی بحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی جنوبی وزیرستان نصیراللہ خان وزیر نصیراللہ خان وزیر کے سیکرٹری یونس وزیر بھی ہمراہ تھے۔۔۔۔



اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں