بجٹ سے قبل سولر پینلز مہنگے، قیمت میں کتنا اضافہ ہوا؟

بجٹ کے اعلان سے قبل ہی سولر پینل مہنگے ہوگئے جبکہ سیلز ٹیکس میں اضافے کے بعد مزید مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ کے اعلان سے قبل ہی سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے سولر پینلز پر جنرل سیلز ٹیکس 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

مارکیٹ ذرائع نے بتایا کہ سولر پینلز کی قیمتوں میں فی پلیٹ 7 ہزار سے 9 ہزار روپے تک اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں انورٹرز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

585 واٹ سولر پینل کی قیمت 18 ہزار روپے سے بڑھ کر 27 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 645 واٹ پینل کی قیمت 22 ہزار روپے سے بڑھ کر 31 ہزار 200 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح 720 واٹ سولر پینل کی قیمت 25 ہزار روپے سے بڑھ کر 33 ہزار 500 روپے تک جا پہنچی ہے۔

خیال رہے آئندہ مالی سال کے لیے سولر توانائی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک خصوصی اسکیم بھی زیر غور ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت دیہات میں نصب سولر پینلز سے پیدا ہونے والی بجلی کا کریڈٹ شہری علاقوں میں رہنے والے صارفین کو منتقل کیا جا سکے گا۔راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عثمان شوکت کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ہونے والی ایک ملاقات میں سولر توانائی کے لیے وہیلنگ پالیسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ا

ان کا کہنا تھا کہ مجوزہ اسکیم کے تحت ایسے شہری جو شہروں میں زمین کے مالک نہیں لیکن دیہات میں زمین رکھتے ہیں، وہ وہاں سولر سسٹم نصب کرکے اپنے شہری گھروں یا فلیٹس کے بجلی بلوں میں ریلیف حاصل کر سکیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close