عید پر سفر کرنے والوں کیلئے بڑی وارننگ

دبئی: عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران فضائی سفر کرنے والے مسافروں کیلئے بین الاقوامی ایئرلائنز نے اہم سفری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایمریٹس، اتحاد ایئرویز اور فلائی دبئی نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ رش اور تاخیر سے بچنے کیلئے مقررہ وقت سے کافی پہلے ائیرپورٹ پہنچیں۔

ایئرلائنز کے مطابق عید اور موسم گرما کی تعطیلات کے باعث دبئی اور ابوظہبی کے ائیرپورٹس پر غیر معمولی رش متوقع ہے، اس لیے مسافر اپنی پرواز سے کم از کم تین سے چار گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچیں۔ ساتھ ہی آن لائن چیک اِن اور ہوم چیک اِن جیسی سہولیات استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

ایمریٹس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر سیکیورٹی اور امیگریشن مراحل میں معمول سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے، اس لیے مسافر بروقت روانگی یقینی بنائیں اور بورڈنگ سے کم از کم ایک گھنٹہ پہلے گیٹ پر موجود ہوں۔

ایئرلائنز نے متحدہ عرب امارات میں مقیم افراد کو ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کیلئے دبئی میٹرو اور پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

دوسری جانب اتحاد ایئرویز نے بھی عید الاضحیٰ اور موسم گرما کے دوران سفر میں اضافے کی پیشگوئی کرتے ہوئے مسافروں کو سامان سے متعلق قواعد پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ایئرلائن کے مطابق پاور بینک، ہٹنے والی بیٹری والے بیگز اور ای سگریٹ صرف کیبن بیگ میں رکھنے کی اجازت ہوگی۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں عید الاضحیٰ کے موقع پر نجی شعبے کے ملازمین کو چار جبکہ سرکاری ملازمین کو پانچ روزہ تعطیلات دی گئی ہیں، جس کے باعث فضائی سفر میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close