A Product of PNI Digital (SMC-Pvt) Limited
تازہ ترین

شہری دفاع کے پوسٹ وارڈن پرویز احمد کو شہید کو آزاد کشمیر کا اعلیٰ سول ایوارڈ عطا کرنے کی سفارش


مظفرآباد (پی این آئی) وزیرشہری دفاع و اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمدرضا قادری نے نیلم ویلی میں طلباء کو بھارتی فائرنگ کی زد سے بچانے کی کوشش کرتے ہوئے شہید ہونے والے شہری دفاع کے پوسٹ وارڈن پرویز احمد کو شاندارالفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ہے اورشہید کو آزاد کشمیر کا اعلیٰ سول ایوارڈ

عطا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے آزاد کشمیر کابینہ کی جانب سے شہری دفاع کے شہید پوسٹ وارڈن پرویزاحمد کو خراج عقیدت پیش کرنے پر وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان اور پوری کابینہ کو ہدیہ تبریک پیش کیا ہے۔گزشتہ روز میڈیاکوجاری کردہ اپنے ایک بیان میں وزیرشہری دفاع و اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی احمدرضا قادری نے کہا کہ شہری دفاع کے شہید پوسٹ وارڈن پرویز احمد نے13نومبر کو اپنی جان کی قربانی پیش کرکے درجنوں طلباء و طالبات اور دیگر سویلین افراد کوبھارتی فائرنگ رینج سے نکال کر محفوظ مقام پرمنتقل کیا، شہید نے بہادی و شجاعت کا عملی مظاہرہ کر کے نہ صرف محکمہ شہری دفاع کو سرخرو کیا بلکہ پوری ریاست میں سرفرازی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے، اس بے مثال بہادری پر وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان اور آزاد کشمیر کابینہ نے شہید کو سلام عقیدت پیش کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں کشمیر کا بچہ بچہ بھارتی سفاکیت اور جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑا ہے۔ انہوں نے آزاد کشمیرکے مختلف سیکٹرز پر بھارتی جارحیت سے شہید ہونے والے کشمیری سپوتوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اورشہداء، زخمیوں کے ورثاء اور گولہ باری سے نذرآتش ہونے والے مکانات کے مالکان کو یقین دلایا ہے کہ حکومت انہیں مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری عوام تحریک آزادی کسی بھی قیمت پر منطقی انجام سے دوچار کرنے تک پیچھے نہیں ہٹ سکتے۔ انہوں نے مہذب عالمی برادری اور انسنای حقوق کے عالمی اداروں سے کہاکہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر آئے روز بلا اشتعال فائرنگ کی بزدلانہ کارروائیوں کانوٹس لیا جائے اورمطالبہ کیاکہ عالمی عدالت انصاف میں بھارت کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ درج کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی اوچھے ہتھکنڈے کشمیری عوام کو ان کی آزادی کی تحریک سے دور نہیں کر سکتے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں بھی بھارتی جبر و مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ ریاست کی آزادی قریب ہے، کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لانے والی ہیں، شہداء کا مقدس لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔۔۔۔



اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں