ٹرمپ کی بھارت کو دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ وہ بھارت سے آنے والی زرعی مصنوعات، خصوصاً چاول، پر سخت نئے ٹیرف عائد کرنے کے بارے میں سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں کسانوں کے لیے کثیر ارب ڈالر کے امدادی پیکج کے اعلان کے موقع پر ٹرمپ نے بھارت اور کینیڈا کے ساتھ جاری تجارتی مذاکرات پر شدید ناراضی کا اظہار کیا۔ میڈیا نے صدر کو بتایا کہ بھارتی چاول کی درآمدات سے امریکی کسانوں کو سخت نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی درآمدات امریکی کاشتکاروں کے مفادات کو متاثر کر رہی ہیں، اور ان کی حکومت مقامی کسانوں کو مضبوط بنانے کے لیے ٹیرف کو ایک مؤثر ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی کمپنیاں امریکی مارکیٹ میں بڑے برانڈ چلا رہی ہیں اور ضرورت پڑی تو ان پر ٹیرف کے ذریعے فوری کارروائی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی منڈی میں بھارتی چاولوں کی ’ڈمپنگ‘ کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔ ٹرمپ کے مطابق ان کی حکومت کسانوں کو 12 ارب ڈالر کی نئی امداد فراہم کرے گی، جس کی رقم دوسرے ممالک پر لگائے جانے والے ٹیرف سے حاصل ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کینیڈا سے آنے والی کھاد پر بھی ممکنہ ٹیرف کا عندیہ دیا، اور کہا کہ اگر حالات نہ بدلے تو کینیڈین کھاد پر سخت اقدامات کرنے میں انہیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close