حکومت کی جانب سے نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی تیار

پنجاب حکومت نے صوبے کی پہلی الیکٹرک وہیکل (ای وی) پالیسی تیار کر لی ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے نئی پالیسی اور چارجنگ اسٹیشنز کے منصوبے کی سمری کابینہ کو منظوری کے لیے بھجوا دی ہے۔ حکام کے مطابق پالیسی کا مقصد شہریوں کو کم خرچ، ماحول دوست اور جدید سفری سہولتیں فراہم کرنا ہے۔

نئی پالیسی کے تحت پنجاب بھر میں برقی گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، اور بینک آف پنجاب کو ای وی فنانسنگ کے لیے سرکاری انٹرمیڈیئر مقرر کیا گیا ہے۔ شہری الیکٹرک موٹرسائیکل اور ای رکشہ آسان اقساط پر خرید سکیں گے، جبکہ سرکاری افسران کے لیے بھی برقی گاڑیاں خریدی جائیں گی۔

پالیسی سے پٹرول کے اخراجات میں کمی اور سفر کے سستا ہونے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی میں بھی واضح کمی متوقع ہے۔ ای وی سسٹم کے نفاذ کے لیے خصوصی الیکٹرک وہیکل ادارہ قائم کیا جائے گا، اور عوام کو برقی گاڑیوں کے استعمال میں آسانی کے لیے چارجنگ انفراسٹرکچر تیزی سے بڑھایا جائے گا۔

حکام کے مطابق یہ پالیسی شہریوں کے لیے ریلیف، جدید ٹیکنالوجی کی سہولت اور صاف ماحول کی طرف ایک اہم قدم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close