کینسر اور دل کے مریضوں کے لیے نئے خصوصی کارڈ، حکومت کا بڑا ریلیف

لاہور: پنجاب حکومت نے کینسر اور کارڈیک سرجری کے مریضوں کے لیے خصوصی کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس میں “وزیراعلیٰ اسپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ” کے اجراء کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کینسر اور دل کے علاج پر مکمل اخراجات حکومت ادا کرے گی۔ مریض سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے تک کا علاج مفت کروا سکیں گے، جبکہ پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریض اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔ مزید بریفنگ میں بتایا گیا کہ چیف منسٹر کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت بھی مریضوں کو مفت سرجری فراہم کی جائے گی۔ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ برائے کینسر ٹریٹمنٹ کا اوپی ڈی بلاک 17 جنوری تک فعال کر دیا جائے گا، جبکہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا کو 31 جنوری تک مکمل فعال کرنے کی ڈیڈلائن مقرر کی گئی ہے۔

انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ میں پہلے مرحلے میں 219 اسامیوں اور نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا میں 258 اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ اسی طرح جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور 15 فروری سے کام شروع کرے گا، جہاں 1104 نئی اسامیوں پر بھرتی کی جا رہی ہے۔ حکومت نے پنجاب کے بڑے اسپتالوں کے لیے 19 ارب 90 کروڑ روپے مالیت کی ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنا دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close