ہنگو کے علاقے دوآبہ میں پولیس قافلے پر دھماکے کے نتیجے میں ایس ایچ او عمران الدین سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق قافلے کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران کربوغہ میں امن کمیٹی کے ساتھ میٹنگ کے بعد دوآبہ واپس جا رہے تھے۔ قافلے میں ایس پی انویسٹی گیشن صمد، ڈی ایس پی ٹل مجاہد اور ایس ایچ او عمران الدین شامل تھے۔
حملے کے بعد پولیس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ ایس پی انویسٹی گیشن کے مطابق زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال دوآبہ منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






